بنگلورو،24؍اپریل(ایس او نیوز) خدشات کے عین مطابق مرکزی حکومت نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں حریفوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے سرکاری محکموں کے غلط استعمال کا سلسلہ آج آگے بڑھایا اور محکمۂ انکم ٹیکس نے ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا کے دفتر ، رہائش گاہ سمیت 25 کنٹراکٹروں کے ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے مارے۔
کانگریس پارٹی کی طرف سے پہلے ہی یہ الزام لگایا جارہاتھاکہ بی جے پی انتخابات کے عین موقع پر کانگریس لیڈروں کو نشانہ بناسکتی ہے۔ اس کے عین مطابق مہادیوپا کے بنگلور اور میسور کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس حکام نے دھاوا بولا۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمۂ انکم ٹیکس نے مہادیوپا اور کنٹراکٹروں سے مختلف لین دین کے متعلق جانکاری حاصل کی اور دستاویزات کا جائزہ لیا۔
کل رات 18گاڑیوں میں مہادیوپا کی رہائش گاہ پہنچنے والے انکم ٹیکس افسروں نے مہادیوپا سے کافی دیر تک پوچھ تاچھ بھی کی۔ کہاجاتاہے کہ مہادیوپا نے انکم ٹیکس حکام کو دستاویزات کی جانچ کرنے میں پورا تعاون دیا اور تمام دستاویزات ، بینک اور دیگر ذرائع میں جمع رقم اپنے پاس موجود نقد رقم وغیرہ کی بھی مکمل جانکاری فراہم کی ، جس کے بعد انکم ٹیکس نے کنٹراکٹروں کے ٹھکانوں پر دھاوا بولا۔